گنوڈیرو کے قریبی گاؤں الھورایو سولنگی میں نکاسیٔ آب کا نظام ناکارہ، گلیوں اور گھروں میں گندا پانی جمع، مکین پریشان، یونین کونسل گڑھی خدا بخش بھٹو کے گاؤں الھورایو سولنگی میں نکاسیٔ آب کا نظام ناکارہ ہونے اور ڈسپوزل غیر فعال رہنے کے باعث گلیوں اور گھروں کے اطراف گندا پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث گاؤں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، گاؤں کے رہائشیوں کے مطابق نکاسیٔ آب کا نظام موجود ہونے کے باوجود ڈسپوزل فعال نہ ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر گندا پانی کھڑا ہے، جس سے بدبو اور گندگی پھیل رہی ہے، جبکہ صحت کے حوالے سے بھی خدشات پیدا ہوگئے ہیں، دوسری جانب ڈسپوزل پر تعینات چوکیدار بدرالدین کلہوڑو نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈسپوزل کے لیے پلاٹ دینے سے قبل انہیں دو ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم ان کے بقول یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ چوکیدار کا کہنا ہے کہ انہیں کئی سال سے تنخواہ بھی نہیں ملی، جس کے باعث وہ مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے اپنی بقایا تنخواہ جاری کرنے اور محفوظ رہائش کے لیے گھر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، گاؤں کے مکینوں اور ڈسپوزل چوکیدار بدرالدین کلہوڑو نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ بلدیاتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسیٔ آب کے نظام کی خرابی کا نوٹس لے کر ڈسپوزل کو فوری طور پر فعال کیا جائے، چوکیدار کے بقایا جات کے معاملے کی جانچ پڑتال کی جائے اور گاؤں میں گندے پانی کی نکاسی کا مستقل حل یقینی بنایا جائے
